لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے 2013 کے عام انتخابات کے ریٹرننگ افسران اور پولنگ عملے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنرسرداررضا خان کو بھیجے گئے خط میں عمران خان نے کہا ہے کہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ نے ریٹرننگ افسران کو بے نقاب کردیا ہے، رپورٹ کی روشنی میں آراوز اور انتخابی عملہ قوم کے مجرم ثابت ہو چکے ہیں۔
انتخابی عمل میں غفلت برتنے والے آر اوز اوردیگرعملے کو 2 سال قید ہوسکتی ہے اور قانون کے مطابق چیف الیکشن کمشنر آراوزکے خلاف فوجداری کارروائی کرنے کے پابند ہیں اس لئے وہ ہنگامی طورپراس نازک قومی معاملے پراپنے مؤقف سے آگاہ کریں۔
دوسری جانب لاہورمیں سینئر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیشن نے کام ادھورا چھوڑدیا جس کا انہیں دکھ ہے کیونکہ کمیشن کو کام مکمل کرنا چاہئے تھا لیکن ہم نے کھلے دل سے اس کا فیصلہ قبول کیاہے۔
انہوں نے کہا کہ دھاندلی کاالزام لگانے والوں کی تسلی کے لیے خیبرپختونخوا میں ری پولنگ کرائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھیں گے۔