لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنمائوں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر آئی جی پنجاب سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے چار ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔
جسٹس عالیہ نیلم نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی آئے روز عدلیہ کے خلاف بیان بازی کررہے ہیں جس سے ملک میں انتشار کی سی کیفیت ہے جبکہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی نے سانحہ ماڈل ٹائون پر قائم عدالتی ٹربیونل کو ماننے سے انکار کیا۔
عمران خان کے بیانات آئین سے بغاوت کے زمرے میں آتے ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق اس نے اس حوالے سے ماتحت عدالت کو مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی مگر اسے مسترد کر دیا گیا لہذا لاہور ہائیکورٹ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف آئین سے بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔