اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ عمران خان کا ہر عمل بدنیتی پر مبنی ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی ضمانت منظور کی ہے، کیا سعد رفیق کی جیل میں گزاری زندگی نیب واپس دے سکتا ہے؟، ہم نے بار بار کہا کہ ملک چلانے کے لئے نیب کو بند کریں، چیئرمین نیب استعفیٰ دے کر گھر جائیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں سیاستدان کو توڑنے دبانے کے لئے نیب استعمال ہورہا ہے، وقت ہے کہ یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ الزامات قانون کے مطابق لگائے جائیں، ہم نیب کو بند کرنے کی ترمیم چاہتے ہیں، عمران خان سن لیں آ ج عدالت نے کیا کہا ہے، عمران خان کا ہر عمل بدنیتی پر مبنی ہے۔
اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ نیب عمران خان کے مخالفین کی آواز بند کرنے کے لئے استعمال ہو رہا ہے، نیب صرف عمران خان کی مرضی پر چل کر فسطائیت نازل کر رہا ہے، نیب خواجہ برادران کی ضمانت کی درخواست مسترد کرنے کی ایک وجہ بھی بتا نہ سکا۔ آج کے فیصلے کے بعد چیئرمین نیب اور نیب کے رہنے کا کوئی جواز نہیں رہا۔