اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے قومی اسمبلی میں اپنی نشست سے اٹھ کر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے مصافحہ کیا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس کچھ ہی دیر میں شروع ہونے جا رہا ہے جس میں قائد ایوان کا انتخاب ہو گا۔
قائد ایوان کے لیے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور مسلم لیگ ن کے شہباز شریف کے درمیان مقابلہ ہے۔
قومی اسمبلی میں تحریک انصاف اور اتحادیوں کی تعداد 175 ہے جب کہ مسلم لیگ ن کے اراکین کی تعداد 97 ہے۔
پیپلز پارٹی کے بھی قومی اسمبلی میں 54 اراکین ہیں تاہم انہوں نے ن لیگ کے امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ 4 آزاد اراکین بھی قومی اسمبلی کا انتخاب جیتے ہیں۔
آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے جب شہباز شریف ایوان میں پہنچے تو انہوں نے خورشید شاہ، راجہ پرویز اشرف اور بلاول بھٹو سے مصافحہ کیا۔
شہباز شریف جب اپنی نشست کے قریب پہنچے تو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپنی نشست سے اٹھ کر ان کے پاس آئے اور صدر مسلم لیگ ن سے مصافحہ کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان مختصر سی بات چیت بھی ہوئی اور پھر عمران خان اور شہباز شریف اپنی نشستوں پر براجمان ہو گئے۔