اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور نو منتخب وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اپنے بیٹوں کو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کرنے سے منع کر دیا ہے۔
گزشتہ روز عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد صحافی مہر تارڑ نے ٹوئٹر پر جمائما اور عمران خان کے دونوں صاحبزادوں سلیمان اور قاسم کو مبارک باد پیش کی اور لکھا کہ ‘جمائما، عمران خان کے سیاسی سفر میں ابتداء سے ساتھ تھیں جس کے لیے ان کا شکریہ‘۔
بعد ازاں انہوں نے ان کے دونوں بیٹوں کو مخاطب کرکے لکھا کہ انہیں اپنے والد پر فخر ہوگا جب وہ انہیں بطور وزیراعظم خدمات انجام دیتے ہوئے دیکھیں گے، جس کے لیے بہت لگن کی ضرورت ہے۔
اس ٹوئیٹ کے جواب میں جمائما نے بتایا کہ ان کے دونوں بیٹے اداس ہیں کہ وہ وہاں نہیں، لیکن عمران خان اٹل ہیں کہ انہیں تقریب میں نہیں ہونا چاہیے۔
اس حوالے سے کچھ صارفین نے ٹوئٹر پر تنقید بھی کہ عمران خان کے دونوں صاحبزادے اس وقت اسکاٹ لینڈ میں چھٹیاں گزار رہے ہیں جب کہ انہیں تقریب حلف برداری میں شرکت کرنی چاہیے۔
جس پر جمائما نے انہیں آگاہ کیا کہ وہ آنا چاہتے تھے لیکن عمران خان نے دونوں بیٹوں کو تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے سے منع کردیا ہے۔