عمران خان ریاستی اداروں کو لڑانا چاہتے ہیں، عابدشیرعلی

Abid Sher Ali

Abid Sher Ali

فیصل آباد (جیوڈیسک) وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پرویز الہٰی فساد کی جڑ ہیں ، شیخ رشید اپنے گھر میں لوگ اکٹھے نہیں کر سکتے اور عمران خان کیخلاف تو آرٹیکل چھ کا مقدمہ چلنا چاہیے۔

وہ ریاستی اداروں کو مدمقابل لانا چاہتے ہیں۔ فیصل آباد میں لیڈیز پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرر مملکت عابد شیر علی نے حکومت کے خلاف مظاہرے کرنے والی سیاسی جماعتوں کو ایک ایک کر کے ہدف تنقید بنایا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جن لوگوں کو سیاسی بخار چڑھا ہے ان میں سے پرویز الہٰی تو کونسلر کی سیٹ بھی نہیں جیت سکتے۔عابد شیر علی نے کہاکہ اصل فساد کی جڑ تو پرویز الہٰی کا دور حکومت ہے۔

وزیر مملکت نے کہاکہ عمران خان حکومت اور فوج کے درمیان تنازع پیدا کرے کی کوشش کر رہے ہیں اور اقتدار کی سیڑھی کے لیے دفاعی اداروں کااستعمال کررہے ہیں ۔عابد شیر علی نے کہا کہ انگوٹھوں کے نشانات کارونا رونے والے عمران خان خیبر پختونخوا میں یہ کام کرلیں۔

فیصلہ وہیں ہوجائے گا۔ عابد شیر علی نے کہا کہ شیخ رشید اپنے گھر میں لوگوں کو اکٹھا نہیں کرسکتے ٹرین مارچ کیا کریں گے اور وہ کس منہ سے قربانی سے پہلے حکومت کی قربانی کی بات کررہے ہیں۔