اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کانفرنس میں آپریشن ضرب عضب پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ تحریک انصاف کے علاوہ تمام جماعتوں نے اے پی سی میں شرکت کی۔ لگتا ہے وزیراعلی خیبر پختونخوا عمران خان کی سیاست کی وجہ سے نہیں آئے، شہباز شریف موسم کی خرابی کی وجہ سے شرکت نہیں کر سکے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا آرمی چیف نے سیاسی قیادت کے سوالات کے جوابات دیئے۔ کانفرنس کے شرکا کو ڈی جی ایم او نے بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا مزید کہنا تھا کانفنرنس کے شرکا کو متاثرین کے بارے انتظامات سے آگاہ کیا اور متاثرہ افراد کی ضروریات کی وزیراعظم نے منظوری دی۔ وزیراعظم نے قومی سلامتی کانفرنس میں سیاسی جماعتوں کی شرکت کو خوش آئند قرار دیا۔ تحریک انصاف نے شرکت نہیں کی، عمران خان کا کانفرنس میں شرکت نہ کرنا سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے کہا آنے والے دنوں میں پاکستان کو مزید مضبوط اور محفوظ بنائیں گے عمران خان ہمارے ہر قدم پر الزام لگا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا خان صاحب اگر 10 حلقے کہتے ہیں تو ہم تیار ہیں مسلم لیگ (ن) کو لچک دکھانے میں کوئی حرج نہیں ہے ایک قدم ہمارا پیچھے ہٹنا لوگوں کو خوشیوں کا موقع دینا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا جب دہشت گردوں کیساتھ مذاکرات جاری تھے تو ان کی تعریفیں جاری تھی اور جب پاکستان کو محفوظ بنانے کی بات ہوئی تو خان صاحب نے اعتراضات اٹھانے شروع کر دیئے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا ہم آگے بڑھ کر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں قوم خوشی کا پرچم بلند کرنا چاہتی ہے اور عمران چودہ اگست کو احتجاج کرنا چاہتے ہیں۔ پرویز رشید نے کہا طاہر القادی جھوٹ بولتے ابھی تک ان کا کوئی کارکن جاں بحق نہیں ہوا۔