عمران خان نے سپریم کورٹ کو سیاسی جماعت کے طور پر لاکھڑا کر دیا۔ رانا ثناء اللہ

Rana Sanaullah

Rana Sanaullah

لاہور (جیوڈیسک) صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا نوازشریف نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کیا لیکن عدالت کے فیصلے پر ایمان لانے پر مجبور نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا اگر کوئی سپریم کورٹ کو ہمارے سامنے کھڑا کر دے تو کیا ہم جواب نہیں دیں گے؟۔

رانا ثناء اللہ نے کہا ہمارے ساتھ نا انصافی اور زیادتی ہوئی، نوازشریف نے کسی ایک جج کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا عمران خان نے سپریم کورٹ کو سیاسی جماعت کے طور پر لاکھڑا کر دیا، عدالتی فیصلے پر تحفظات کے باجود عملدرآمد کیا، نظرثانی کی اپیلوں کو عجلت میں خارج کیا گیا۔

صوبائی وزیر قانون نے کہا این اے 120 میں (ن) لیگ کے ووٹ تقسیم کرنے کے تمام حربے آزمائے گئے، دھمکیوں کے باوجود الیکشن ٹرن آؤٹ کسی بھی ضمنی الیکشن سے زیادہ رہا، کوئی بھی انتخابی مہم میں سرکاری وسائل کا استعمال ثابت نہیں کر سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخاب میں 39.4 فیصد ٹرن آؤٹ سب سے زیادہ ہے،5 بجے پولنگ بند نہ ہوتی تو شاید ٹرن آؤٹ 50 فیصد کے قریب پہنچ جاتا۔انہوں نے کہا 8 سے 10 ہزار لوگ ابھی لائنوں میں لگے ہوئے تھے، ن لیگ نے الیکشن کمیشن سے وقت بڑھانے کی استدعا کی، لیکن پی ٹی آئی نے وقت بڑھانے کی مخالفت کی۔ راناثنا اللہ نے کہا اگر سب ووٹ کاسٹ ہو جاتے تو 25 ہزار کی لیڈ ہو جاتی، عوام نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کر کے نوازشریف کو سرخرو کیا ہے۔