لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ڈالر لینے کے باعث عمران خان کی تلوار امریکہ کے ساتھ جبکہ دل طالبان کے لئے دھڑکتا ہے۔ ہمیں ڈرون قبول ہیں نہ ہی اپنے بچوں کے قاتل غیر ملکیوں کو پاکستان میں برداشت کر سکتے ہیں۔
لاہور میں وویمن میڈیا سنٹر کے زیر اہتمام تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو میں پرویز رشید کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو احتجاج کا جمہوری حق حاصل ہے لیکن یہ کھلا تضاد ہے کہ ایک طرف عمران خان صوبائی حکومت کے منصوبوں کے لئے امریکہ سے 37 کروڑ ڈالر لے رہے ہیں اور دوسری طرف نیٹو سپلائی بند کرنے کی بات کر رہے ہیں جس جنرل پرویز مشرف نے ڈرون شروع کیے اسکی آمد پر لڈی ڈالنے اور لڈو بانٹنے والے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈرون بند ہونے چاہیں مگر ہمیں یہ بھی قبول نہیں کہ ہمارے بچوں کے قاتل غیر ملکی پاکستان میں رہیں۔ انہیں ملک چھوڑ نا ہو گا۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ہم امریکہ سے لڑنا چاہتے ہیں نہ ہی طالبان سے بلکہ بات چیت سے اپنے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔