اسلام آباد (جیوڈیسک) پارلیمنٹ اور پی ٹی وی حملہ کیس میں تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے ہیں۔
پارلیمنٹ اور پی ٹی وی حملہ کیس میں عمران خان، طاہر القادری، پرویز خٹک ،شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور رحیق عباسی سمیت تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دیگر رہنماؤں کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں متعدد مقدمات درج تھے جب کہ ان کی گرفتاری کے لئے اسلام آباد پولیس کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی جسے منظور کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے، عدالت کی جانب سے وارنٹ جاری ہونے کے بعد ان کی گرفتاری کے لئے پولیس کی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان کے آزادی اور طاہر القادری کے انقلاب مارچ کے دوران جب یکم ستمبر کو یہ دھرنا شاہراہ دستور کی جانب بڑھا تو اس دوران ناملعوم افراد نہ صرف پارلیمنٹ کے باہر توڑ پھوڑ کرتے رہے بلکہ اس دوران بعض افراد پی ٹی وی کی عمارت میں بھی گھس گئے اورانہوں نے سرکاری ٹی وی کی نشریات بند کراکر وہاں بھی ہنگامہ آرائی کی۔