کراچی (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دورہ کراچی کے دوسرے روز دیوالی کی تقریب میں شرکت کی اور ہندو برادری کو مبارکباد دی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری پاکستان کا اثاثہ ہے، ملک میں کوئی کسی سے بالاتر نہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے بھی کہا تھا کہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے بھی برابر کے شہری ہیں، اسلام بھی کسی سے زبردستی مذہب تبدیل کرانے کا درس نہیں دیتا، ایسے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے اقلیتی برادری کو یقین دلایا کہ وہ ملک سے ناانصافی کا خاتمہ کریں گے اور عوام سے مل کر ظلم اور مافیا کو شکست دیں گے۔
بعد ازاں سلطان آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اب سونامی کا طوفان کے پی سے شروع ہو گا، ملک میں آئندہ حکومت تحریک انصاف کی ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میٹرو ٹرین اور سڑکیں نقلی ڈویلپمنٹ ہیں، اصل ترقی عوام پر پیسہ خرچ کرنا ہے، پاکستان میں ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، بچوں کی تعلیم سے معاشرہ راہ پر آتا ہے۔