ملتان (جیوڈیسک) سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ 2014 کے دھرنے کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ان سے ٹیکنو کریٹ حکومت اور بعد میں ہونے والے انتخابات میں تحریک انصاف کی فتح کے حوالے سے بات کی تھی۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی عہدے اور اقتدار کی دعا نہیں مانگی۔
انہوں نے عمران خان کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کہا کہ تصدق جیلانی کے جانے کے بعد آنے والے جج پارلیمنٹ کو توڑ دینگے جبکہ نواز شریف خود استعفیٰ دے دیں گے۔
’ عمران خان نے کہا کہ ستمبر کے آخر تک انتخابات ہوجائیں گے اور ان کی حکومت بن جائے گی جبکہ مقابلے پر آنے کی کوئی جرات نہیں کرسکے گا‘
جاوید ہاشمی کے مطابق پی ٹی آئی رہنما عارف علوی اور شیریں مزاری نے ان سے کہا کہ عمران خان پارلیمنٹ پر حملہ کرنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔ ’ان کے چہروں کی ہوائیاں اڑی ہوئی تھیں، مجھے کہا کہ آپ عمران کو سمجھائیں۔‘
انہوں نے کہا کہ وہ جو کچھ کہہ رہے ہیں حلف اٹھا کر کہہ رہے ہیں جبکہ عمران خان بھی حلف اٹھاکر ان کی باتوں کی تردید کردیں۔
جاوید ہاشمی نے کہا کہ مجھےآفرتھی کہ آپ استعفا نہ دیں پی ٹی آئی کا فاروڈ بلاک بنائیں، میں نے کہا کہ میں فاروڈ بلاک نہیں بناؤں گا، میں عمران کی پارٹی کو ختم کرنے نہیں آیا۔