ہیملٹن (جیوڈیسک) قومی ٹیم کے کھلاڑی عمران خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک انوکھا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ وہ ٹیسٹ رن بنانے کیلئے سب سے طویل انتظار کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔
ہیملٹن میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن عمران خان بیٹںگ کیلئے میدان میں آئے تو پاکستان کی 9 وکٹ گر چکی تھیں۔ اس سے قبل انہوں نے سات ٹیسٹ میچوں میں بلے بازی کی لیکن کبھی بھی اپنا کھاتہ کھولنے میں کامیاب نہ ہو سکے تھے۔
عمران خان نے چار اننگز میں مخالف گیند بازوں کی 10 گیندوں کا سامنا کیا، اور دو مرتبہ تو ناٹ آؤٹ بھی رہے لیکن کبھی رن نہ بنا سکے۔ اس لئے آج ان کے پاس اچھا موقع تھا کہ وہ یہ سنگ میل عبور کر گزریں۔
عمران خان نے بالآخر ہیلمٹن ٹیسٹ میں پہلا رن بنا ہی لیا۔ عمران خان یہ انوکھا ریکارڈ کیوی گیند باز ٹم ساؤتھی کی گیند پر بنایا۔