اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نام لے کر بہتان لگانا عمران خان کی پُرانی عادت ہے۔
عمران خان 15 کروڑ روپے کی پیشکش کرنے والے کا نام سے قوم کو آگاہ کریں۔ اگر انہوں نے نام نہ بتایا تو اس سے زیادہ پیسے دینے والے کا نام وہ خود قوم کو بتائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے والوں کو مشکوک بنا دیا ہے۔ 5 مارچ کو سینیٹ انتخابات ہو جائینگے اور تمام جماعتوں کی پوزیشن واضح ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کے پی کے سے شروع ہوا ہے۔ پی ٹی آئی نے جنگل کے درختوں کو آگ لگانے والے کو ٹکٹ دیا اور ایسے لوگوں کو ٹکٹ دیا جو جنگل سے درخت کاٹ کر ماچس کی تیلیاں بنانے کے کاروبار کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیاست کو کاروبار بنانے کا آغاز عمران خان نے کیا۔