فیصل آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے فیصل آباد میں کارکن کی موت پرآج ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان کر دیا، عمران خان کہتے ہیں کہ نواز شریف جو چاہیں کرلیں، انصاف لے کر رہیں گے۔ فیصل آباد کے ڈی ٹائپ چوک پر تحریک انصاف کے کارکنوں سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کے شہریوں نے پی ٹی آئی کی اپیل پر شہر بند کیا اور قربانی دی۔ حق نواز کے قتل پرملک بھر میں یوم سوگ منایا جائے گا اور ہر ضلع میں کارکن احتجاج کریں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ وہ آخری دم تک ملک کو ظالموں سے آزاد کرانے کی کوشش کریں گے۔ نواز شریف نے ہمیشہ ظلم کی سیاست کی، پولیس اور گلوبٹوں کے ساتھ مل کر عوام پر ظلم کیا۔ عابد شیر علی اور رانا ثناءالله کے غنڈوں نے حملہ کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن، گوجرانوالہ اور 31 اگست کو گولیاں چلائی گئیں لیکن کسی کو نہیں پکڑا گیا۔ پاکستان ظلم کامقابلہ کرے گا، ظلم کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے، میاں صاحب جو چاہیں کرلیں
انصاف لے کر رہیں گے، میاں صاحب جوڈیشل کمیشن بنا کر قوم کو انصاف نہیں دینا چاہتے۔ این اے 122 سے خوشخبری ملی ہے، سارے پاکستان کو پتا چلے گا کہ میاں صاحب تھیلے کھولنے سے کیوں ڈر رہے ہیں۔ عمران خان نے الائیڈ اسپتال اور سول اسپتال فیصل آباد میں زخمیوں کی عیادت کی۔ وہ جاں بحق ہونے والے کارکن حق نواز کے گھر بھی گئے اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔