کراچی (جیوڈیسک) رفیق مانگٹ… برطانوی اخبار’’دی میل‘‘ کے مطابق علیمہ خان نے عمران خان کی مطلقہ ٹی وی اینکر سے شادی کی خبروں کی سختی سے تردید کردی۔
انہوں نے کہا کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں،یہ افواہیں ان کے سیاسی حریفوں نے پھیلائی جو کنٹرول سے باہر ہے۔ اخبار لکھتا ہے کہ عمران کی بہن علیمہ خان نے پاکستان میں حزب اختلاف کے سیاست دانوں پر عمران خان کے خلاف تباہ کن افواہیں پھیلانے کاالزام عائد کیا ہے۔
علیمہ خان نے اخبار کو بتایا کہ ان کے بھائی ایک بے ہودہ مہم کا شکار ہیں انہوںنے کہا کہ چند دن قبل عمران خان نے خاندان کو ذاتی طور پر یقین دلایا کہ ان کا مطلقہ ٹی وی اینکر ریحام خان سے شادی کا کوئی ارادہ نہیں ۔علیمہ خان کا یہ بیان ان رپورٹوں کے بعد سامنے آ یا کہ عمران خان کی تین بچوں کی ماں ،42سالہ مطلقہ ٹی وی اینکر ریحام سے منگنی ہو چکی ہے۔
علیمہ خان کا کہنا کہ یہ افواہیں ان کے بھائی کی ساکھ کو نقصان پہنچا نے کیلئے پاکستان میں حزب اختلاف کے سیاستدانوں کی طرف سے شروع کی گئی۔انہوں نے کہا کہ میں نے چند دن قبل اس موضوع پر اپنے بھائی سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی صداقت نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس میں خوشی ہو گی کہ وہ کسی اچھی لڑکی سے شادی کرکے گھر بسائیں۔لیکن یہ صرف ان کے غور کی بات نہیں ، یہ ملک کے لئے ایک غور ہے، یہ ایک قومی سطح کے فیصلے کی طرح ہے۔اخبار کے مطابق جب ان سے سوال کیا گیا کہ عمران خان کے ٹی وی اینکر کے ساتھ خفیہ تعلقات ہیں تو انہوں نے کہا کہ یہ سب کے لئے ایک مبہم اشارہ ہے۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے عمران سے پوچھا کہ و ہ اس سے شادی کر رہے ہیں تو عمران نے نفی میں جواب دیا۔
علیمہ خان نے ٹویٹ کیے کہ عمران کی شادی کی خبریں افواہ ہیں۔ اخبار نے ریحام اور عمران خان کے قریبی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ ان دونوں کے درمیان تعلق تھا تاہم سیاسی الزام تراشیوں کے پیش نظر عمران خان نے اس سے دوری اختیار کرلی ہے۔ ریحام جس ٹی وی پراینکر پرسن کے فرائض انجام دے رہی ہے وہاں کے سابق اہلکار نے کہا کہ دونوں بغیر کسی پابندی کے دن یا رات کے کسی بھی وقت ملاقات کرتے تھے۔ٹی وی اسٹیشن کے پروڈیوسر کا کہنا تھا کہ ریحام کو عمران خان تک رسائی آسان تھی، ان کی سیاسی جماعت کو ان ملاقاتوں کے بارے میں علم تھا اور انہوں نے انہیں روکنے کی کوشش کبھی نہیں کی ۔نام ظاہر نہ کرنے کی خواہش پر ریحام خان کے خاندانی دوست نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل ان کا افیئر تھا مگر یہ بہت جلد ختم ہو گیا۔
بعد میں پتہ چلا کہ معاملہ سنجیدہ ہے اور عمران خان بھی ویسا ہی محسوس کرتے ہیں۔اخبار کے مطابق عمران خان کی شادی کی افواہ پر پاکستان میں منفی ردعمل سامنے آرہا ہے۔ ریحام لیبیا میں ایک پاکستانی والدین کے ہاں پیدا ہوئی۔ اس کی پہلی شادی ایک ڈاکٹر سے ہوئی جس سے اس کے تین بچے ہیں۔