اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان سے ملاقات میں 2 مطالبات پیش کر دئیے۔ عمران خان نے ملاقات کے دوران مطالبہ کیا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے ، اور آئندہ انتخابات بائیو میٹرک نظام کے تحت کرائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک ہمارے پیش کئے گئے چار حلقوں کے کیسز کا فیصلہ نہیں ہوا ، الیکشن کمیشن کے پاس اختیارات ہیں کہ وہ کیسز کی سماعت کر سکتا ہے، لیکن کیس میں تاخیر ہو رہی ہے۔
ہماری الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ اس کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے اور اگر سپیکر قومی اسمبلی اس کیس میں تاخیر کریں تو ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ انتخابات میں واضح دھاندلی ہوئی ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن دو ٹاسک فورسز بنائے اور وہ ٹاسک فورسز اس عمل کو مانیٹر کریں۔
بیس پولنگ سٹیشنز میں ایک ہی شخص کے انتخابی فہرستوں پر دستخط ہیں کیا یہ دھاندلی نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ میں اس حوالے سے پر امید ہوں کہ انتخابی دھاندلی کا فیصلہ جلد کیا جائے گا تاکہ عوام کے سامنے سچ آ سکے۔