لاہور (جیوڈیسک) پاکستانی ٹیم کا مشن انڈیا آج رات سے شروع ہونے کو ہے۔ موجودہ قائد نے سابقہ کپتانوں سے رابطے کئے ہیں اور ورلڈ کپ کی حکمت عملی پر مشاورت بھی کی ہے، سابق کپتانوں نے کھلاڑیوں کو جارحانہ کرکٹ کھیلنے اور دباؤ میں نہ آنے کا مشورہ دیا ہے۔
ترجمان تحریک انصاف کے مطابق ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے روانگی سے قبل ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور ٹورنامنٹ میں حکمت عملی پر مشاورت کی۔ سابق کپتان نے قومی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
عمران خان نے ٹیم کو مشورہ دیا کہ دفاعی حکمت علی اختیار نہ کریں اوراسٹیڈیم میں موجود شائقین کے دباؤ میں آئے بغیر کھیل پر فوکس کریں۔ عمران خان کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں پاک بھارت میچ سے قبل قومی کھلاڑیوں سے ملاقات بھی کریں گے۔
شاہد آفریدی نے ٹویٹر پیغام میں بتایا کہ انھوں نے عمران خان کے علاوہ وسیم اکرم سے بھی رابطہ کیا ہے۔ دونوں لیجنڈ کھلاڑی ورلڈ کپ میچز سے قبل حوصلہ افزائی کیلئے قومی کھلاڑیوں سے ملاقاتیں کریں گے۔