اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ شادی کے بندھن پر ان کا یقین پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہوگیا ہے اس لیے وہ ایک بار پھر شادی کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کی عمر 63 سال ہے اوروہ صرف 10 برس تک ہی شادی شدہ زندگی گزارسکے ہیں لیکن اب ان کا یقین شادی پر پہلے سے بھی زیادہ پختہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انسان کی شادی شدہ زندگی اچھی طرح گزررہی ہوتو یہ زندگی گزارنے کا سب سے بہترین طریقہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ایک ایسی غیر شادی شدہ زندگی گزاری ہے جس کی کئی لوگ تمنا کرتے ہیں،لیکن اگر آپکی شادی صحیح چلے تو یہ زندگی گزارنے کا ایک انتہائی مہذبانہ طریقہ ہے ،میری طلاق سے قبل ایک سال میری زندگی کا بہترین وقت تھا۔
انہوں نے اپنی پہلی بیوی جمائما خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ’جمائما کیلئے پاکستان میں رہنا ممکن نہیں تھا، وہ جوان تھیں اور پاکستان میں روایتی زندگی مشکل تھی۔، دوسری شادی کے بارے میں عمران خان نے کہاکہ دوسری بار یہ بہت مشکل تھا، جب میرے بچے جوان ہوئے تو میں نے سوچا کہ ایک بار پھر کوشش کرنی چاہئے لیکن یہ زیادہ نہ چل سکی
تیسری شادی کے بارے میں سوال پر انکا کہنا تھا کہ ضرور، ہمت ہارنا میرے خون میں نہیں، لیکن وقت لگتا ہے، طلاق سے بری چیز کوئی نہیں، فرق نہیں پڑتا کہ پہل کون کرتا ہے لیکن یہ ایک خوفناک تجربہ ہے ، اس لئے میں اس بار زیادہ محتاط ہونگا، شادی کا خیال پہلے سے زیادہ واضح ہے ، لیکن 60 سال کی عمر میں شادی کرنا 30 سال کی عمر میں کرنے جیسا نہیں۔