عمران خان وہ انوکھے لاڈلے ہیں جو اپنی زبان سے نکلے ہوئے ہر لفظ کو آئین و قانون سمجھتے ہیں

Ghulam Dastgir Khan

Ghulam Dastgir Khan

گوجرانوالہ : مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما و سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ عمران خان وہ انوکھے لاڈلے ہیں جو اپنی زبان سے نکلے ہوئے ہر لفظ کو آئین و قانون سمجھتے ہیں، کنٹینر والوں کی منفی سیاست اور جمہوریت پرحملوں نے نظام کو خطرات سے دوچار کیا اور معیشت کو نقصان پہنچایا، عمران خان اور شیخ رشیدکسی بھی قیمت پر صرف اپنا الو سیدھا کرنے کی فکر میں ہیں۔

مسلم لیگ ن 14سال کی طویل جدوجہدکے بعد عوام کی رائے سے اقتدار میں آئی ہے اور خدمت کے سفر کا نئے سرے سے آغاز کیا ہے جبکہ عمران خان کے پاس خیبر پختونخواہ میں خدمت کے نام پردکھانے کو کچھ نہیں ہے ،انکی سیاست کا بدترین انجام کے قریب ہے،نواز شریف نے ملکی استحکام کو یقینی بنانے اور امن و امان قائم کر کے معاشی ترقی کی نئی راہیںکھو لنے کے لئے آپریشن ضرب عضب شروع کیا جو موجودہ دور کا سنہرا کارنامہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ عمران خان کا آمرانہ طرز عمل زہریلا لب و لہجہ اور نازیبا گفتگو قومی یکجہتی کے لئے خطرناک اور سخت نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے عوام ان کے کردار کا درست مشاہدہ کریں اور انکے قول و فعل میںتضاد کو دیکھنے کے بعد یہ فیصلہ کریں کہ کیا ایساشخص کسی بھی طرح سے ملک کی قیادت کرنے کا اہل ہو سکتا ہے جو مرغ باد نما کی طرح مسلسل اپنا رخ بدلتا رہتا ہے ایسا شخص ملک کو کچھ دے تو نہیں سکتا لیکن تباہی کے راستے پرضرور ڈال سکتا ہے۔