مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) عمران خان اپنے ہی ورکروں کی لاشیں گرا کر وزیراعظم بننا چاہتے ہیں لیکن محب وطن اور غیور عوام ملک و قوم کے خلاف ہر سازش ناکام بنادیں گے۔ فیصل آباد ایک پرامن اور صنعتی شہر ہے،یہاں کی تاجر برادری، مزدوروں، محنت کشوں اور ٹرانسپورٹروں نے جب عمران نیازی کی ملک بند کرنے کی کال مسترد کی تو خیبر پختونخواہ سے غنڈے بلوا کر سڑکوں پر ٹائر جلوائے گئے۔
اینٹوں، ڈنڈوں، آہنی راڈوں اور بندوقوں کے سائے میں زبردستی دکانیں بند کرائیں گئیں جس کی وجہ سے لوگ مشتعل ہوئے ،تحریک انصاف عملاً ”عسکری ونگ،، کا روپ دھار چکی ہے،عمران خان ان قوتوں کے آلہ کارہیں جو پاکستان کی ترقی نہیں چاہتے۔ان خیالات کا اظہار سنیئررہنما مسلم لیگ ن محمد رمضان مستانہ نے پریس کلب مصطفی آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد میںجو کچھ بھی ہوا پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی وجہ سے ہوا۔ حکومت آگ پر تیل ڈالنے سے گریز کر رہی ہے۔ بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے پلان سی کا مقصد ملک میں انارکی پھیلانا ہے۔ سیاست کی آڑ میں قاتلوں کی حفاظت کا عمل شروع ہو گیا۔ عمران خان شعلے نہ بھڑکائیں ورنہ یہ ان کے اپنے دامن تک بھی پہنچ جائیں گے۔ تحریک انصاف کے ڈنڈا بردار جتھے بچوں کو اسکولوں سے زبردستی نکالتے رہے کھلی دکانوں پر بھی حملے کئے گئے۔ نوجوان کے قتل کے واقعہ کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔