گوجرانوالہ : مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے کارکنوں کی ہر غنڈہ گردی کا ملبہ حکومت پر ڈالنے کو اپنا وطیرہ بنا رکھا ہے، پوری قوم گواہ ہے کہ جلائو گھیرائو مرو اور ماردو کی کا ل تحریک انصاف کے سٹیج سے دی گئی۔
عمران خان ہوش کے ناخن لیں اورنواز شریف کے بارے میں بدکلامی اور دھمکیاں دینا بند کریں لیگی قیادت نے بھی کارکنوں کو اشارہ دے دیاتوان کا گھر سے نکلنا مشکل ہو جائے گا، ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی رہائش پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور شیخ رشید سادہ لوح عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور جوش خطابت میں جو منہ میں آئے اگل دیتے ہیں لیکن قوم نے ان کا گھنائونا کھیل اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا ہے اور یہ واضح ہو چکا ہے کہ وہ دھرنوں اور احتجاج کی آڑ میں ملک کے اندر انتشار اور فساد پھیلانا چاہتے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد میں نوجوان کی ہلاکت کی ذمہ داری حکومت پر ڈالنا سراسر بد نیتی ہے۔
اس جھوٹی ایف آئی آر کو فوری خارج کر کے اصل ملزمان کو گرفتا ر کیا جانا چاہئے، سینئر راہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان سرزمین بے آئین نہیں ہے اس لئے عمران خان اور شیخ رشید جیسے عاقبت نا اندیش یاد رکھیں کہ انہیں کسی صورت بھی مادر پدر آزادی نہیں مل سکتی حکومت اپنی رٹ قائم کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گی ۔اس موقع پر سابق ناظم فاروق بٹ،نیر جمیل بلو بھٹی،صدیق بٹ و دیگر بھی موجود تھے۔