نئی دہلی (جیوڈیسک) ریحام خان نے کہا ہے کہ عمران خان سے شادی غلطی تھی، میں عورت ہوں لیکن پاکستان میں لوگ مجھے سلمان خان کی طرح دبنگ کہتے ہیں۔
نئی دہلی میں میڈیا سے گفتگو اور خواتین کے حقوق کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ انسان خطا کا پتلا ہے۔ ماضی میں مجھ سمیت سب سے غلطیاں ہو ئیں، میرا ماضی سب کے سامنے ہے۔ عدم مساوات اورخواتین سے نفرت کا آغاز گھروں سے ہوتا ہے اس لیے ہمیں خاموش نہیں رہنا چاہیے۔ دنیا اب تبدیل ہو رہی ہے لیکن آج بھی ہم خواتین کی بات نہیں سنتے، مجھے اپنے بیٹے کی تربیت پر بے حد فخر ہے۔
انھوں نے شادی کے بعد سے اپنا سر ڈھاپنے کے سوال پر کہا کہ میری شادی سے میری چادر اوڑھنے کا کوئی تعلق نہیں، مجھے پاکستان میں مختلف لوگوں سے مل کر بے حد خوشی ہوتی ہے اور اس ہی لیے میں نے اپنا لباس تبدیل کیا، مجھے چادر پہننا بے حد پسند ہے۔ یحام کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو مزید ترقی کی جانب گامزن کرنے اور دونوں ممالک کے بچوں کا مستقبل بہتر بنانے کیلیے آمدنی کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، صرف سیمیناراور ورک شاپس کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔