اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان درپردہ ڈیل پر یقین رکھتے ہیں اور وہ جمہوری شائستگی کے شفاف طریقوں کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔
عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اگر عمران خان کو سمجھ ہوتی تو وہ اس حقیقت کا ادراک کرتے کہ گلگت بلتستان کیلیے نگراں وزیراعلیٰ کا نام سبکدوش ہونے والے وزیراعلیٰ مہدی شاہ نے اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے دیا تھا اور ان کا تعلق پیپلز پارٹی سے تھا، وزیراعظم نواز شریف نے اسی نام کی منظوری دی تھی جو وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے اپوزیشن لیڈر کے ساتھ مشاورت کے بعد دیا تھا اور اسی طرح نگراں کابینہ کو بھی حتمی شکل دی گئی۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ عمران خان کے اس بیان سے پتہ چلتا ہے کہ ان میں سیاسی شعور اور بالغ نظری کی کس قدر کمی ہے۔ اپنے ایک الگ بیان میں پرویز رشید نے کہا ہے کہ (ن) لیگ سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے ناموں کو حتمی شکل دے گی، ابھی تک ان عہدوں کے لیے کسی امیدوار کا فیصلہ نہیں ہوا۔