اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ سڑکوں پر آنے کا کوئی جواز ہے اور نہ ہی لانگ مارچ اور دھرنے دینے کا وقت ہے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کیخلاف جو آپریشن ضربِ عضب جاری ہے، اسکے ردعمل میں اسلام آباد میں دہشت گردی کی کارروائیاں ہو سکتی ہیں۔
اسلام آباد میں حساس تنصیبات موجود ہیں جن کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ آرٹیکل 245 کے تحت فوج اپنی ذات کے لئے نہیں بلکہ ملک و قوم کے مفاد میں بلائی ہے۔ علامہ طاہر القادری کینیڈا کی ٹھنڈی ہوائوں میں رہتے ہیں انکے خلاف منی لانڈرنگ کے ثبوت مل گئے ہیں۔
انہیں پاکستان میں فساد پھیلانے کا کوئی حق نہیں، خورشید شاہ قابل احترام ہیں، آرٹیکل 245 کے نفاذ کے حوالے سے ان کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہیں، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور اے این پی کی جمہوریت کیلئے بڑی قربانیاں ہیں، انہیں جمہوریت کی قدر و قیمت کا اندازہ ہے۔
انہوں نے سابق صدر رداری کی لانگ مارچ روکنے کیلئے چودھری شجاعت حسین سے بات چیت کا خیر مقدم کیا ہے۔ عمران خان بچگانہ سیاست سے گریز کریں اور ہوش کے ناخن لیں، اگر دھرنے میں دہشت گردی کا واقعہ ہو گیا تو کون ذمہ دار ہو گا،10اگست کو لاہور سمیت جہاں ضرورت ہو گی فوج طلب کی جائے گی انہوں نے یہ بات منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے صدر دروازہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انتخابی دھاندلی پر بات کرنے کیلئے بھی پارلیمنٹ سب سے بہترین فورم ہے، حکومت نے 33 رکنی انتخابی اصلاحات کمیٹی کا اجلاس 6 اگست کو طلب کر لیا ہے ہم خود انتخابی اصلاحات چاہتے ہیں۔