لاہور (جیوڈیسک) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کاکہناہے کہ عمران خان کو سیاسی تربیت کی ضرورت ہے، وہ پنجاب میں فساد نہ ڈالیں، خیبرپختون خوا میں عوام کی خدمت کریں، بدقسمتی کی بات ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد خیبرپختون خوا میں تعلیم اور صحت کا معیار مزید گر گیا۔
لاہور میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان اسی طرح لگے رہے تو اروند کیجریوال بن جائیں گے، ایسا نہ ہو لوگ انہیں الزام خان کہنا شروع کردیں، ان کے ساتھ راولپنڈی کا ایک شیخ چلی بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلا الیکشن کارکردگی کی بنیاد پرہوگا، پنجاب ریلیوں اور سازشوں سے فتح نہیں ہو گا۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ خطے میں نواز شریف سب سے سینئر سیاستدان ہیں، بھارت کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات چاہتے ہیں، کشمیر، پانی اور سرکریک سمیت دیگر معاملات پر مذاکرات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سفارت کاری کے ذریعے ڈرون حملے رکوائے۔