کراچی (جیوڈیسک) الطاف حسین پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ سندھ کو کسی صورت میں بھی تقسیم نہیں ہونے دینگے، عمران خان اور طاہر القادری پر غداری کا مقدمہ درج کرکے دونو ں رہنمائوں کو گرفتار کیا جائے، جمعیت علمائے اسلام سندھ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر خالد محمود سومرو نے باب السلام مدرسہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان، ڈاکٹر طاہر القادری اور الطاف حسین کا ایجنڈا ایک ہے جو امریکی ایما پر ملک کو توڑنا چاہتے ہیں۔
عمران خان ماضی میں الطاف حسین کے خلاف رہے ہیں لیکن سندھ کو تقسیم کرنے کیلئے دونوں رہنما ایک ایجنڈے پر متفق ہیں، میں الطاف حسین سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہندوستان سے نقل مکانی کرتے وقت ان کے بزرگوں نے اسلام کیلئے قربانی دی تھی الگ صوبہ کیلئے نہیں، اگر سندھ کو تقسیم کیا گیا تو جمعیت علمائے اسلام بھرپور مزاحمت کریگی، انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری امریکہ کے اشارے پر اسلام آباد میں دھرنا لگا کر بیٹھے ہیں جن کا مقصد سرمایہ کاری کو نقصان پہنچانا تھا۔