لاہور (جیوڈیسک) عمران خان اور طاہر القادری کے مابین ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ طاہر القادری نے تحریک قصاص کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف کو آگاہ کیا۔
عمران خان کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کیلئے حصول انصاف کی ہر کوشش کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر قانون کے استعفوں کا مطالبہ بالکل جائز اور معقول ہے اور تحریک انصاف ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کے اصولی مطالبے کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ جسٹس باقر نجفی رپورٹ سامنے آنے کے بعد قتل عام کے ذمہ داروں کو پہچاننا مشکل نہیں، ریاستی مشینری کے ذریعے سیاسی مخالفین کا قتل عام کسی طور گوارا نہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے تحریک قصاص کی حمایت پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا گیا۔