اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے عمران خان کو فراخ دلانہ پیش کش کی ہے، کہتے ہیں عمران خان سسٹم میں آئیں تو وہ اپوزیشن لیڈر کا عہدہ چھوڑنے کے لیے تیار ہیں، جن کو اپنے کارکنوں سے بدبو آتی ہو وہ غریب کی کیا بات کریں گے۔
خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے ان پر الزامات کے سلسلے میں ہتک عزت کا نوٹس تیار کر لیا ہے جو کل تک بھجوادیں گے۔ دھرنے والوں کی بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 45 دن سے لوگ بارش، گرمی، طوفان میں بے حال پڑے ہیں اور قائدین ان کے درمیان ناک پر رومال رکھ کر جاتے ہیں۔
دھرنے والوں کے لیے واپسی کا محفوظ راستہ عید قرباں ہے،دھرنے والے گھر جا کر عید منائیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی اگر تصدیق کے لیے نہ آئیں تو اسپیکر ان کے استعفے منظور نہ کریں۔