اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان اور طاہر القادری ایک ہیں، دونوں ملک کو تباہی کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔ ملک کا مستقبل جمہوریت ہے اور پیپلز پارٹی غیر جمہوری اقدام کے خلاف مزاحمت کرے گی۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کچھ لوگ عمران خان کو استعمال کر رہے ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ عمران خان کے بعد وہ لیڈر بن سکتے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ عمران خان اور طاہر القادری ایک ہیں، دونوں ملک کو تباہی کی طرف لے کر جا رہے ہیں ملک یا نظام کو کوئی نقصان پہنچا تو عمران اور طاہر القادری ہی ذمہ دار ہوں گے۔
خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ انتخابات کے بعد ملک کی تمام جماعتوں نے نواز شریف کو وزیراعظم تسلیم کیا، چودہ ماہ بعد نواز شریف کو وزیراعظم کیسے نہ تسلیم کیا جائے۔ موجودہ معاملات پر خاموش رہنا بے حسی ہے جو تباہی کی طرف لے جائے گی ملک کا مستقبل جمہوریت ہے اور پیپلزپارٹی غیر جمہوری اقدام کے خلاف مزاحمت کرے گی۔