اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ بین الاقوامی این جی اوز کی رجسٹریشن کے طریقہ کار پر نظرثانی کی جا رہی ہے، مجاز اتھارٹی نے جن این جی اوز کی اپیلیں مسترد کیں، ان این جی اوز کو پاکستان سے جانا ہو گا۔
وزیر داخلہ احسن اقبال سے مختلف ممالک کے سفراء اور ہائی کمشنرز نے ملاقات کی۔ سفراء سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بیماریوں اور غربت کے خاتمے میں بین الاقوامی غیرسرکاری تنظیموں کا اہم کردار ہے، معاشی و اقتصادی ترقی میں بھی آئی این جی اوز کا کام قابل تعریف ہے، طریقہ کار اختیار نہ کرنے والی این جی اوز کی رجسٹریشن درخواستیں مسترد کی گئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ این جی اوز اپیلوں کے حتمی فیصلے تک پاکستان میں کام جاری رکھ سکتی ہیں، پاکستانی حالات کی مناسبت سے این جی اوز کی فنڈنگ کی نگرانی کا نظام وضع کیا گیا ہے، اب انٹرنیشنل این جی اوز کی رجسٹریشن کے طریقہ کار پر نظرثانی کی جا رہی ہے۔
وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان 35 لاکھ افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کر رہا ہے، عالمی برادری افغان مہاجرین کی جلد وطن واپسی کیلئے پاکستان کی مدد کرے، ملاقات کرنے والے وفد میں یورپی یونین، امریکہ، کینیڈا اور ناروے سمیت برطانیہ اور آسٹریلیا کے ہائی کمشنرز شامل تھے۔