سانحہ عباس ٹاؤن کو ایک سال بیت گیا لیکن متاثرین آج بھی دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور

Tragedy Abbas Town

Tragedy Abbas Town

کراچی (جیوڈیسک) سانحہ عباس ٹاؤن کو ایک سال کا عرصہ ہو چکا ہے یہ سانحہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے بہت اہمیت رکھتا ہے۔کیونکہ 3 مارچ 2013 کی شام کو کراچی کے مصروف ترین علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ہولناک بم دھماکے میں 50 سے زائدافراد جاں بحق اور 150 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس جہاں انسانی جانیں گئیں وہیں املاک کو جو نقصان پہنچا وہ بھی ناقابل تلافی ہے دھماکے سے رہائشی اپارٹمنٹ اقرا سٹی اور رابعہ فلاور کے 82 سے زائد فلیٹ اور دکانیں مکمل طور پر کھنڈربن گئیں تھیں جبکہ درجنوں عمارتوں کی دیواروں اور چھتوں میں دراڑیں پڑیں، جائے وقوعہ پر 4 فٹ گہرا ، 8 فٹ چوڑا اور 10 فٹ لمبا گڑھا پڑ گیا تھا اور اسے دیکھ کر لگتا تھا کہ فضا سے کوئی بم گرایا گیا ہے، دھماکے کے کئی روز بعد تک علاقے میں بارود اور خون کی بو پھیلی رہی تھی۔ واقعے کے اگلے روز حکومت سندھ اور مذہبی و سیاسی جماعتوں کی جانب سے سوگ کا اعلان کیا گیا تھا اس روز ٹرانسپورٹ ، دکانیں اور تعلیمی ادارے مکمل طور پر بند رہے تھے۔

ایک سال سے زیادہ کا طویل عرصہ گرز جانے کے باوجود اقرا سٹی اور رابعہ فلاور کے رہائشی افراد کو آج بھی اپنے گھروں کی چھت مہیا نہیں ہوسکی ہے اور وہ لوگ در بدر کی ٹھوکریں جانے پر مجبور ہیں۔ دھماکے میں تباہ ہونیوالے رہائشی عمارتوں کے رہائشی افراد کئی دنوں تک اپنا بچا کچا سامان کھنڈر نما فلیٹوں میں سے تلاش کر تے رہے تھے۔ افسوسناک واقعے میں زندہ بچ جانیوالے افراد اپنا گھر بار چھوڑ پر عارضی طور پر اپنے قریبی رشتے داروں یا پھر کسی دوسرے مقام پر کرایے مکانوں میں منتقل ہو گئے تھے ، جس کے بعد حکومت وقت کی جانب سے اقرا سٹی اور رابعہ فلاور کی تباہ ہونیوالی رہائشی عمارتوں کو منہدم کرکے دوبارہ تعمیر کرنیکا فیصلہ کیا گیا تھا اور اس سلسلے میں علامہ طالب جوہری کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی تھی جبکہ دونوں رہائشی عمارتوں کو منہدم کرنے اور دوبارہ تعمیر کرنے کے حوالے سے 14 کروڑ 49 لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی تھی جس میں سے 12 کروڑ 99 لاکھ روپے کی رقم حکومت کی جانب سے فوری طور پر جاری کردی گئی تھی اور واقعے کے تقریباً 20 روز بعد دونوں رہائشی اپارٹمنٹ کو منہدم کرنے کام شروع کر دیا گیا تھا جس کے بعد اقرا سٹی اور رابعہ فلاور کی دوبارہ تعمیرکام گزشتہ ماہ تک 90 فیصد مکمل کیا جا چکا تھا اور 10 فیصد کام آئندہ چند روز میں مکمل کیا جانا تھا۔

حکومت وقت کی جانب سے بقایا رقم ایک کروڑ 50 لاکھ روپے جاری نہ کیے جا سکے جسکے باعث اقرا سٹی اور رابعہ فلاور کی تعمیراتی کام تاحال التواکا شکار ہے وہیں متاثرہ علاقہ مکین اپنے فلیٹ اور دکانوں کی چابیاں حاصل کرنے کے منتظر ہیں۔ واضح رہے کہ 12 اپریل 2014 کو متاثرین عباس ٹاؤن میں فلیٹ اور دکانوں کی چابیاں تقسیم کرنے اعلان کیا تھا اور اس سلسلے میں ایک پر وقار تقریب کا بھی اہتمام کیا جانا تھا تاہم مقررہ تاریخ گرز جانے کے باوجود کوئی تقریب ہوئی نہ ہی کسی متاثرہ شخص کو اس کے فلیٹ اور دکان کی چابی دی گئیں۔