کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔
انسداد دہشتگردی کی منتظم عدالت نے رؤف صدیقی کو ضمانت کے لیے متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دیاتھا۔ عدالت نے رؤف صدیقی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رؤف صدیقی کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔
عدالت نے رؤف صدیقی کو 12 جنوری کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے استغاثہ کو بھی نوٹسز بھی جاری کردیے۔
رؤف صدیقی پر سانحہ بلدیہ فیکٹری میں ملوث ہونے کا انکشاف رحمان بھولا نے کیا تھا۔
رحمان بھولا نے اپنے اعترافی بیان میں کہا تھا کہ رؤف صدیقی اور حماد صدیقی نے فیکٹری مالکان سے 4سے 5کروڑروپے لئے تھے تاہم رؤف صدیقی نے خود پر لگائے گئے الزامات کی تردید کی ہے۔