لاہور (فرخ شہباز وڑائچ) ”پاکستان فیڈریل یونین آف کالمسٹ” (پی ایف یو سی) کے جنرل سیکرٹری فرخ شہباز وڑائچ اور سیکرٹری انفارمیشن و کوارڈینیشن محمد نورالہدیٰ نے کراچی میں بس پر فائرنگ کے نتیجے میں 43 بے گناہ افراد کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ کراچی کے ذمہ دار عناصر نامعلوم نہیں ہیں۔
اس لرزہ خیز واردات میں براہ راست ”را” ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو نام نہاد تنظیمیں اس سانحہ کی ذمہ داری قبول کررہی ہیں وہ صرف ملک میں خوف کی فضا قائم کرنا چاہتی ہیں۔ دیگر تنظیمات کا واقعہ کی ذمہ داری قبول کرنا ”را” سے توجہ ہٹانے کی سازش ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض قوتوں کی خواہش ہے کہ اس سانحہ کو صولت مرزا کی موت یا وزیراعظم کے دورہ افغانستان کا ردعمل گردانا جائے ، لیکن ایسا ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر سانحہ کے بعد اعلیٰ حکام کی جانب سے واقعات کے حوالے سے رپورٹیں طلب کرنے یا کمیٹیاں بنانے سے کچھ حاصل ہونا ہوتا تو اب تک ملک میں امن و امان کی فضا بہتر ہوچکی ہوتی ، لیکن ایسا نہیں ہوا ، مصلحتوں کا وقت گزر چکا، اب وقت آگیا ہے کہ پاکستانی سیکورٹی ایجنسیوں کی بھارتی ایجنسی کے حوالے سے مصدقہ رپورٹوں اور مستند ثبوتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دوٹوک انداز میں بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی جائے اور اس سے اس بے گناہ لہو کا حساب مانگا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ”را” پاکستا ن میں دندناتی پھر رہی ہے ، اگر اس کے گرد گھیرا تنگ نہ کیا گیا تو اس سے بڑے واقعات برپا کرنے سے بھی گریز نہیں کرے گی۔