سانحہ ماڈل ٹاؤن؛ تحقیقاتی ٹریبونل کی تشکیل کیخلاف کیس کی سماعت کیلئے فل بینچ تشکیل

Incident,Model Town

Incident,Model Town

لاہور (جیوڈیسک) سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے لیے قائم ٹریبونل بینچ کی تشکیل کے خلاف کیس کی سماعت کے لئے فل بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحققیات کرنےوالے ایک رکنی ٹریبونل کی تشکیل کے خلاف کیس کی سماعت کے لیے چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ جسٹس امتیاز خواجہ نے فل بینچ تشکیل دے دیا ہے۔ فل بینچ جسٹس خالد محمود کی سربراہی میں کل سے کیس کی سماعت کرے گا جبکہ جسٹس محمود مقبول باجوہ اور جسٹس انوار الحق بینچ کے رکن ہوں گے۔

سانحہ کی تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن وزیراعلیٰ پنجاب کی درخواست کے بعد تشکیل دیا گیا تھا جو واقعے کی تحقیقات میں اب تک اعلیٰ پولیس افسران سمیت حکومتی نمائندوں کے بھی بیان ریکارڈ کرچکا ہے۔

واضح رہے کہ لاہور میں 17 جون کو ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ اور منہاج القران سیکریٹریٹ پرلگے بیریئر ہٹانے کے خلاف تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں اورپولیس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کی تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن بنانے کی درخواست کی تھی جس پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس امتیاز خواجہ نے ایک رکنی عدالتی کمیشن تشکیل دے دیا تھا۔