سانحہ ماڈل ٹاؤن: ٹریبونل میں سابق ڈی آئی جی اور 9 ایس پی طلب

Incident Model Town

Incident Model Town

لاہور (جیوڈیسک) سانحہ ماڈل ٹائون انکوائری ٹربیونل نے آپریشن میں حصہ لینے والے تمام پولیس افسران کو جرح کے لئے کل طلب کر لیا۔ ان افسران میں سابق ڈی آئی جی اور 9 ایس پیز شامل ہیں۔

آئی ایس آئی نے پولیس اور دیگر شخصیات کے فون نمبرز کے تجزیے کا ریکارڈ ٹربیونل میں پیش کر دیا۔ سانحہ ماڈل ٹائون انکوائری ٹربیونل کی کارروائی شروع ہوئی تو اسپیشل برانچ نے وقوعہ کے فوری بعد حکومت کو بھیجی گئی رپورٹ پیش کر دی۔ آئی ایس آئی اور آئی بی کی جانب سے کوئی رپورٹ پیش نہیں کی گئی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ایس آئی اسد علی خان نے ٹربیونل کو بتایا کہ آئی ایس آئی نے وقوعہ کے فوری بعد نا کوئی رپورٹ تیار کی نا کسی نے رپورٹ مانگی۔ ٹربیونل نے سانحہ ماڈل ٹائون سے قبل آئی جی پولیس پنجاب کی اچانک تبدیلی کے محرکات جاننے کیلئے وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سے رپورٹ طلب کر لی۔ ٹربیونل کی مزید کارروائی کل ہو گی۔