پرتگال نے ورلڈکپ کیلئے کرسٹیانو رونالڈو کو منصب قیادت پر بٹھا دیا

Ronaldo

Ronaldo

لزبن (جیوڈیسک) پرتگال نے ورلڈکپ کیلئے انجرڈ کرسٹیانو رونالڈو کو منصب قیادت پر بٹھا دیا، وہ گذشتہ ہفتے ریئل ویلاڈولڈ کیخلاف ریئل میڈرڈ کیلیے کھیلتے ہوئے ہیمسٹرنگ کے مسئلے کا شکار ہوئے تھے، 30 رکنی ابتدائی اسکواڈ میں ریکارڈو کیوریسما بھی شامل ہیں۔ اطالوی کوچ سیسارے پرانڈیلی نے گیوسیپ روسی، انتونیو کسانو، سائرو اموبل اور متیا ڈیسٹرو کو 30 رکنی اسکواڈ میں جگہ دے دی۔ آسٹریلوی 30 رکنی اسکواڈ میں ٹم چاہل اور مائل جیڈنک بھی موجود ہیں۔ کوچ اینجی پوسٹیکوگلو نے بیلے رائٹ کو حیران کن طور پر منتخب کیا، 2010 میں میگا ایونٹ کیلیے جنوبی افریقہ جانے والے اسکواڈ کے 8 پلیئرز موجودہ ٹیم میں بھی شامل ہیں۔ 30 رکنی ارجنٹائنی اسکواڈ میں کارلوس ٹیویز کو شامل نہیں کیا گیا، لیونل میسی ٹیم کی امیدوں کے محور ہوں گے۔

ارجنٹائن گروپ ایف میں افریقن کپ آف نیشنز چیمپئن نائیجیریا، پہلی بار شامل ہونے والے بوسنیا اور ایران کے ساتھ شامل ہے۔ ایران کے کوچ کارلوس کیوروز نے 30 رکنی ورلڈ کپ اسکواڈ میں لندن کے رہائشی پلیئرز کو بھی جگہ دے دی، فلہم کے مڈفیلڈر اشکان ڈیجاگیہ اور چارلٹن کے اسٹرائیکر رضا گھوچانیجاد بھی ان میں شامل ہیں۔ 1978، 1998 اور 2006 کے بعد ورلڈ کپ میں چوتھی مرتبہ حصہ لینے والے ایران کو گروپ ایف میں ارجنٹائن، نائیجیریا اور بوسنیا ہرزگووینا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ فرنچ کوچ ڈیڈیئر ڈیشمپس نے مڈفیلڈر سمیر ناصری کو رواں برس ورلڈ کپ کے 23 رکنی اسکواڈ سے باہر رکھا، ایرک ابیدال بھی ٹیم میں جگہ نہیں پا سکے۔ فرانس کو گروپ ای میں سوئٹزرلینڈ، ایکویڈور اور ہونڈراس کا چیلنج درپیش ہو گا۔ کروشیئن کوچ نیکو کوویک نے 30 رکنی اسکواڈ میں نوجوان اور تجربہ کار پلیئرز کو شامل کیا ہے۔ دریں اثنا ایکویڈور، کولمبیا اور نیدرلینڈز کے کوچز نے بھی 30 رکنی ابتدائی اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔