سکھر (اصل میڈیا ڈیسک) سکھر کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 جنوری تک توسیع کر دی۔
قومی احتساب بیورو سکھر کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ، ان کے بیٹوں فرخ شاہ، زیرک شاہ، ان کی بیگمات طلعت بی بی اور گلناز بی بی، داماد صوبائی وزیر اویس قادر شاہ سمیت 18 افراد کے خلاف 1 ارب 23 کروڑ روپے سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں دائر ریفرنس کی آج سکھر کی احتساب عدالت میں سماعت ہوئی۔
سماعت کے موقع پر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ کو ایمبولینس کے ذریعے این آئی سی وی ڈی ہسپتال سے عدالت لایا گیا جبکہ ان کی بیگمات، صاحبزادے اور داماد بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت میں سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر اور خورشید شاہ کے وکلاء نے اپنے اپنے مختصر دلائل بھی دیئے۔
عدالت نے نیب کی جانب سے تیار کیے گئے ریفرنس کا جائزہ لیا اور نیب کو آئندہ سماعت پر ملزمان پر لگائے گئے الزامات کے ثبوت پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریفرنس کی سماعت 7 جنوری تک ملتوی کر دی۔