اسلام آباد (جیوڈیسک) احستاب عدالت میں آج سے جج محمد بشیر کی سربراہی میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں باقاعدہ سماعت شروع ہو گی۔
نیب کی طرف سے دو نجی بینکوں کے افسران طارق جاوید اور اشفاق علی اپنی گواہی ریکارڈ کروائیں گے جبکہ باقی 26 گواہان میں سے دو آئندہ سماعت پر اپنا بیان ریکارڈ کروائیں گے۔
عدالت میں جمع کرائی گئی گواہان کی فہرست میں جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا، نادار سے برطرف کئے گئے افسر قابوس عزیز، نیب کے 8 افسران، ایف بی آر، الیکشن کمیشن اور کابینہ ڈویژن کے افسران اور وزارت تجارت، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ، قومی سرمایہ کاری ٹرسٹ کا ایک ایک افسر شامل ہے جبکہ محکمہ ایکسائز لاہور، ایل ڈی اے، اسسٹنٹ کمشنر سمیت دیگر افسران بھی گواہی دیں گے۔
اسحاق ڈار کے خلاف 6 نجی بینکوں کے افسران بھی بطور گواہ عدالت میں پیش ہوں گے۔