لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نااہلی اور بے حسی مل کر پاکستان کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے پارٹی ارکان پارلیمان، ٹکٹ ہولڈرز اور بلدیاتی نمائندگان نے لاہور میں ملاقات کی۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نےکم آمدن اور نادار طبقات کی زندگی جہنم بنادی ہے، ملک میں مہنگائی بالخصوص کھانے پینےکی اشیاکی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی طرح حکمرانوں کی بےحسی بھی تاریخ کےتمام ریکارڈ توڑ گئی ہے، بلند وبانگ دعوؤں کے بجائے کاش حکمران ریاست مدینہ والا طرز عمل اپناتے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان بیوروآف شماریات کے اعدادوشمار عوام دشمن گھمبیر صورتحال کی نشاندہی کر رہے ہیں، نااہلی اور بے حسی مل کر پاکستان کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔