غلط کوائف کا اندراج نادرا کے خلاف عدالتوں میں 3 ہزار سے زائد مقدمات

NADRA

NADRA

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) درست کوائف دینے کے باوجود غلط کوائف پر مبنی شناختی کارڈ جاری کرنے پر گوجرانوالہ ڈویژن کے 3 ہزارسے زائد شہریوں نے عدالتوں میں دعوے دائر کر رکھے ہیں جبکہ ضلع کی عدالتوں میں دائر دعوئوں کی تعداد 700 کے قریب پہنچ گئی۔ سال رواں کے دوران 8 سو سے زائد شہریوں کو عدالتی احکامات پر نادرا نے درست کوائف پر مبنی کارڈ جاری کئے۔

اس وقت ضلع گوجرانوالہ کی عدالتوں میں 650 سے زائد دعوے زیر سماعت ہیں جبکہ حافظ آباد، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین سمیت ریجن کے باقی اضلاع کی عدالتوں میں دعوئوں کی تعداد 24 سو کے قریب ہے۔ دعوئوں میں شہریوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ درست کوائف دینے کے باوجود نادرا حکام نے شناختی کارڈ میں تاریخ پیدائش، نام ولدیت اور ایڈریس کے غلط اندراجات کئے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ درست شناختی کارڈ کے اجراء کے لئے نادرا حکام کو استدعا کی اور بتایا کہ انہوں نے جو کوائف دئیے اسکے برعکس کوائف پر شناختی کارڈ جاری کئے گئے تاہم نادرا حکام نے عدالتی احکامات کے بغیر درست کوائف پر مبنی شناختی کارڈ جاری کرنے سے انکار کر دیا۔

دعوئوں میں کہا گیا کہ نادرا کے اہلکار کمپیوٹر پر خود کوائف درج کرتے ہیں اور اس میں غلطی کے بھی وہ خود ہی ذمہ دار ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریجن بھر کی عدالتوں میں سال رواں کے دوران شناختی کارڈ کی درستگی کے لئے 8سوسے زائد دعوے ڈگری ہو چکے ہیں جبکہ تین ہزار سے زائد دعوے عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔