جشن آزادی کی تقریبات متاثر کئی علاقوں میں گڑا بل پڑے واٹر بورڈ کاعملہ غائب

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج نظام کی خراب ہوتی صورتحال نے شہریوں کو پریشان کرنا شروع کر دیا، گلی گلی منائے جانے والی یوم آزادی کی تقریبات متاثر ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ ملیر کالا بورڈ اور سعود آباد چوراہے سے کھوکھرا پار ایک نمبر تک کئی روز سے دریا کی طرح بہنے والے گٹر نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔ گلشن اقبال، لائنز ایریا، سولجر بازار اور دیگر علاقوں میں سیوریج لائنوں سے اوور فلو ہونے والے پانی نے کروڑوں کی لاگت سے تیار سڑکوں کو تباہ کرنا شروع کر دیا ہے۔

ملیر کالا بورڈ اور سعودآباد کے علاقے میں سیوریج کے اوورفلو کو نظر انداز کرتے ہوئے گزشتہ شب ہوٹل میٹروپول کے قریب سیوریج کی 24 انچ کی لائن زمین میں دھنسنے سے ریڈزون کی مختلف سڑکوں پر گندا پانی جمع ہوگیا، جسے ہنگامی بنیادوں پر اتوار کی دوپہر تک کلیئر کر دیا گیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ریڈزون کے علاقے کو تو بارہ گھنٹے میں کلیئر کر دیا گیا مگر شہر کے دیگر علاقوں کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔ یوم آزادی کے حوالے سے نوجوانوں اور بچوں کی ریلیاں جو 14 اگست سے قبل نکلتی ہیں وہ بری طرح متاثر ہورہی ہیں۔

جشن آزادی کی تیاریوں کے باوجود سیوریج وگندگی کے ڈھیروں کی صفائی پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔ ذرائع کے مطابق موجودہ ایم ڈی واٹربورڈ کے آنے کے بعد ملیر کالابورڈ میں مسلسل دوسری بار اورہوٹل میٹروپول اور آئی آئی چندریگرروڈ کے علاقے میں بھی کئی بار سیوریج لائنیں اوورفلو کا شکار ہوچکی ہیں جبکہ دھابیجی سے کراچی آنے والی پینے کے پانی کی لائنیں بھی مسلسل پھٹتی رہی ہیں۔ دوسری جانب کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے عملے نے ہوٹل میٹروپول کے قریب سیوریج لائن کوریکارڈ وقت میں تبدیل کرنے کادعویٰ کیا ہے۔