اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کا 73 واں یوم آزادی جوش و خروش اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے’یوم یکجہتی کشمیر‘ قومی کے طور پر منایا جا رہا ہے۔
یوم آزادی پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں جاری ہے جس میں صدر مملک عارف علوی مہمان خصوصی ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات سمیت غیر ملکی سفیر اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری قیادت بھی موجود ہے۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد نعت مقبول رسول پیش کی گئی اور باقاعدہ آغاز کیا گیا۔
مرکزی تقریب حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور اپنی نظم بھی پیش کی۔
دوسری جانب جشن آزادی کے موقع پر آج وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔
یومِ آزادی پر دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کی طویل جدوجہد کی کامیابی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔
دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
یومِ آزادی پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے، اعزازی گارڈز کا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے 48 کیڈٹس پر مشتمل ہے۔
گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی نے مزار قائد پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔
اس کے علاوہ مزار علامہ اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں ناردرن لائٹ انفنٹری کے دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔