کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء عصمت انور محسود نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) سندھ کے تحت “جھنڈا لگائو جذبہ جگائو “مہم کو کامیاب بنا کر ملک کے دفاع اور تحفظ کو فروغ دیا جائیگا ،پاکستان ہماری آن بان اور شان ہے پاکستان کے تحفظ اور اس کی حفاظت کے لئے اپنے جسم میں موجود خون کا آخری قطرہ بھی بہانے سے گریز نہیں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ یوم آزادی 14اگست کے دن ایک بجے مسلم لیگ(ن) سیکریٹریٹ ملت ٹائون عظیم پورہ سے مسلم لیگ(ن) کے تحت عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا جائیگا جو شاہراہ فیصل سے ہوتا ہوا مزار قائد پر اختتام پذیر ہوگا ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے رہنماء عصمت انور محسود نے ریلی کی تیاری کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کے رہنماء سمیع نیازی نے کارکنان سے کہاکہ وہ 14اگست کو ریلی میں بھر پور شرکت کرکے پاکستان دشمن عناصر کو یہ پر امن کراچی مشن میں نواز شریف کے ساتھ ہیں اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو دہشت گردی اور لاقانونیت کی لعنت سے نجات دلا کر رہیں گے۔