کراچی (اسٹاف رپورٹر) منسٹر اسپورٹس سندھ سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ دھرتی مہران میں ہر شعبے میں ٹیلنٹ موجود ہے ان کی بہتر نگہداشت اور سرپرستی کے ذریعے ٹیلنٹ کو اُجاگر کرکے اپنے صوبے اور ملک کا نام روشن کرائیں گے۔
یوم آزادی اور کراچی امن اسپورٹس فیسٹیول کی کامیاب انعقاد پر اسپورٹس آرگنائزر حاجی غلام محمدخان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی سمیت سندھ کے تمام ڈسٹرکٹس میں کھیلوں کے ایونٹ کا انعقاد کیا جائیگا۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر کھیل سردار خان محمد بخش مہر نے معروف اسپورٹس آرگنائزر حاجی غلام محمد خان کی قیادت میں پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کیا۔
اس موقع پر سابق صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی شاہ (مرحوم ) کی اہلیہ اسماء علی شاہ ،آل پاکستان پرائیویٹ اسکول مینجمنٹ کے چیئر مین سید خالد شاہ ،ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ محمد اسلم ،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن بلدیہ کورنگی محمد ارشد ،کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری محمد اجمل ،اعجاز احمد ،محمد ناصر اور دیگر بھی موجود تھے۔
منسٹر اسپورٹس سندھ سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ معاشرے میں سدھار اور قیام امن کے لئے تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کا فروغ بھی ضروری ہے انہوں نے کہاکہ وزارت کھیل حکومت سندھ صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے اسپورٹس آرگنائزرز کی تجاویز کی روشنی میں لائحہ عمل مرتب کرے گی۔