اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم نواز شریف نے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت پر بار بار شب خون مارنے سے غیر جمہوری قوتیں پروان چڑھیں، ملکی بقا اور سالمیت کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔
سڑسٹھ ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کا دن ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنے کا متقاضی ہے۔ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ ہم پاکستان کو صحیح معنوں میں جدید، ترقی پسند اور جمہوری ریاست بنائینگے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں انتہا پسندوں اور دہشتگردوں کا قلع قمع کرنا ہو گا۔
قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان ہے اس پہچان کے حصول کیلئے ان گنت لوگوں نے اپنا لہو پیش کیا۔آج کے دن ہم اپنے محسنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ہم نے آج اپنی غلطیوں کا ازالہ نہ کیا تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کرینگی۔ پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے بھی پاکستانی عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد دی، اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ امریکا نے مضبوط اور محفوظ ریاست کے نصب العین کے حصول میں پاکستانیوں کی مدد کا تہیہ کر رکھا ہے۔