جشن آزادی عظیم الشان طریقے سے منانے کیلیے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

Independence

Independence

پاکستان (جیوڈیسک) جشن آزادی 14 اگست کو ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی شایان شان طریقے سے منانے کے لیے تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔

شہرکے مختلف علاقوں ، گلی کوچوں ، محلوں ، شاہراہوں ، عمارتوں اور دیگر مقامات کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا جا رہا ہے، بچوں میں جشن آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے خصوصی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔

شہر کے تمام علاقوں میں جشن آزادی کے حوالے سے پاکستانی پرچم ، جھنڈیوں ، بیجز اور دیگر آرائشی اشیاء کی فروخت کے لیے سیکڑوں عارضی اسٹال قائم ہو گئے ہیں جہاں سے شہری جشن آزادی کے حوالے سے آرائشی اشیا کی خریداری جوش و خروش سے کر رہے ہیں۔

نے جشن آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے سروے کیا، جشن آزادی کی تیاریوں کے لیے آرائشی اشیا کی فروخت کی سب سے بڑی مارکیٹ لائٹ ہاؤس پیپر مارکیٹ میں قائم ہے، جہاں سیکڑوں اسٹالز موجود ہیں۔

اسٹالز پر مختلف سائز کے پاکستانی پرچم ، جھنڈیاں ، بیجز ، کیپ ، سرپر باندھنے والی پٹیاں ، پاکستانی پرچم کے ڈیزائن سے آراستہ ٹی شرٹ ، ایک سال سے 7 سال تک کے بچوں کے پاکستانی پرچم والے سوٹس اور آرائشی اشیا بڑی تعداد میں فروخت کی جا رہی ہیں۔

سروے کے دوران پاکستانی پرچم تیار کرنے والے مقامی تاجر شیخ نثار پرچم والے نے بتایا کہ یہ دن ہمارے لیے عید کی حیثیت رکھتا ہے، اس دن بر صغیر کے مسلمانوں کو آزادی کی نعمت حاصل ہوئی تھی اسی لیے ہر پاکستانی اس دن کو جوش و خروش سے مناتا ہے۔

اس حوالے سے ہر شخص اپنی حیثیت کے مطابق اپنے گھر ، عمارت ، گلی ، محلوں کو سجاتا ہے جبکہ حکومت اور مختلف سرکاری اور نجی اداروں کی جانب سے 14 اگست کو اپنے دفاتر، عمارتوں اور سڑکوں کو سجایا جاتا ہے جبکہ ہر علاقے کے رہائشی بھی اپنے علاقوں کی چورنگیوں، شاہراہوں اور اہم مقامات کو پاکستانی پرچموں، جھنڈیوں، ہرے اور سفید رنگ کی برقی قمقموں سے آراستہ جھالروں سے سجاتے ہیں۔