کراچی (اسٹاف رپورٹر) جشن آزادی شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل قائداعظم الیون نے اپنے نام کر لیا اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ آف سندھ کے تعاون اور پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سے جشن آزادی شوٹنگ بال ٹورنا منٹ واحد اسپورٹس شوٹنگ بال کمپلیکس کورنگی میں کھیلا گیا۔
اس موقع پر شائقین شوٹنگ بال اور عوام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی شوٹنگ بال کورٹ پر ہزاروں تماشائیوں کی موجودگی میں ٹورنامنٹ کا فائنل قائدآعظم الیون اور شہید ملت خان لیاقت علی خان الیون کے مابین کھیلا گیا،دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل دلچسپ اور سنسنی خیز رہا۔
جس میں قائدآعظم الیون نے سید محمد علی شاہ، محمد خالد، نصیر بھٹی، حسنین، عارف اور محمد اکرم پرویز کے شاندار کھیل کی بدولت کامیابی حاصل کی، لیاقت علی خان الیون کیاعجاز احمد، رضوان ، محمد اسماعیل، محمد شمیم، اویس اور رشید کا کھیل بھی قابل دید تھا لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہیں بچا سکے۔
میچ کا اسکور 16-14 اور 16-12 رہا، جشن آزادی کے موقع پر منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ سے شائقین کی بہت بڑی تعداد لطف انداز ہوتی رہی۔
فائنل کے موقع پر سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے نائب صدر ایم شمیم قریشی، عبدالرشید، سیکریٹری کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن محمد اجمل، افتخار زیدی، ملک آصف، محمد اشرف، محمد الطاف، محمد عاصم اور دیگر معزز مہمان بھی موجود تھے۔
معزز مہمانوں اور شائقین نے محکمہ کھیل حکومت سندھ اور پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کو جشن آزادی کے موقع پر شاندار ٹورنامنٹ منعقد کروانے پر مبارک باد پیش کی۔