راولا کوٹ (جیوڈیسک) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 18 پونچھ و سدھنوتی میں ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے سردار عامر الطاف 20 ہزار 874 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 18 سدھنوتی کے 41 ہزار658 مرد ووٹرز اور 33 ہزار 544 خواتین ووٹرز کیلئے 131 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے تھے۔
ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی کے سردارغلام صادق، پی ٹی آئی کے سوار خان، مسلم لیگ (ن) کے عامر الطاف اور مسلم کانفرنس کے کاشان مسعود میں مقابلہ تھا۔
ضمنی انتخاب میں 37 پولنگ اسٹیشن حساس اور 28 حساس ترین قرار دیئے گئے تھے جب کہ سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس اور رینجرز کے 11 سو سے زائد اہلکار تعینات تھے۔
131 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سردار عامر الطاف 20874 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے ہیں جب کہ پیپلز پارٹی کے سردار غلام صادق 14731 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
دوسری جانب سابق وزیر اعظم و قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کو ٹیلی فون کیا اور ضمنی الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی۔
نوازشریف نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کرنے پر کشمیری عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے بالغ نظری کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام سیاسی پختگی میں اپنی مثال آپ ہیں اور کشمیری عوام نے ہمیشہ مجھ سے بے مثال محبت کی ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے نوازشریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ ایل اے 18 کی نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی خان بہادر خان کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔