کراچی (جیوڈیسک) ایک ہفتے میں 100 انڈیکس میں 2 ہزار 237 پوائنٹس کی کمی ہوئی جب کہ سرمایہ کاروں کے 324 ارب روپے ڈوب گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق رواں ہفتے ڈالر کی بے قدری تسلسل کے ساتھ جاری رہی اور ایک ہفتے میں انٹربینک میں ڈالر 67 پیسے سستا ہوا، اور 159 روپے 11 پیسے سے کم ہو کر 158 روپے 44 پیسے پر بند ہوا، جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران روپے کی قدراتارچڑھاو کے بعد مستحکم رہی اور ڈالر کی قدر 159 روپے 50 پیسے پر ہی برقرار رہی، تاہم دوسری جانب اسٹاک ایکسچینج میں پورے ہفتے مندی کا رجحان رہا۔
اسٹاک ایکسچینج میں پورے ہفتے تسلسل سے مندی کے باعث100 انڈیکس میں 2237 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی اور ہفتے کے آخری روز انڈیکس 5 سال کی کم ترین سطح 29429 پر بند ہوا۔ ایک ہفتے میں 14.63 ارب روپے مالیت کے 35 کروڑ شئیرز کا کاروبار ہوا، ہفتہ وارکاروبارمیں سرمایہ کاروں کے324 ارب روپے ڈوب گئے، جب کہ مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ گھٹ کر 6020 ارب روپےکی سطح پر آگیا۔